عربی لغات

پہلے امہاتِ لغت کے حوالے دیکھ لیجیے۔

اسماعیل بن حماد الجوہری کی ’’الصحاح فی اللغہ‘‘ میں لکھاہے:

الرؤيا: رأى في منامه رؤيا.

(6/ 2349)

’’الرؤیا: جو کسی نے اپنی نیند میں دیکھا۔‘‘

علامہ ابنِ منظور کے مشہور لغت ’’لسان العرب‘‘ میں ہے:

الرؤيا: ما رأيته في منامك.

(8/278)

’’الرؤیا: جو تو اپنی نیند میں دیکھے۔‘‘

علامہ مرتضیٰ زبیدی کی ’’تاج العروس‘‘ میں نقل ہے:

الرؤيا: ما رأيته في منامك.

(17/436)

’’الرؤیا: جو تم نیند میں دیکھتے ہو۔‘‘

’’المعجم الوسیط‘‘ میں بیان ہوا ہے:

الرؤيا: ما يرى في النوم.

(1/320)

’’الرؤیا: جو نیند میں دیکھا جائے۔‘‘

امام راغب اصفہانی نے اپنی معروف کتاب ’’المفردات فی غریب القرآن‘‘ میں’رؤیا‘ کے معنی نیند میں دیکھے جانے والے خواب کے کیے ہیں۔ اِس کے علاوہ اُنھوں نے اِس کے کوئی اور معنی نقل نہیں کیے۔ مزید برآں، قرآنِ مجید کی جن آیات کو اُنھوں نے بہ طور ِ شہادت پیش کیا ہے، اُن میں سورۂ بنی اسرائیل کی مذکورہ آیت بھی شامل ہے۔ لکھتے ہیں:

والرؤيا ما يرى في المنام... وروى ’لم يبق من مبشرات النبوة إلا الرؤيا‘قال: ’’لَقَدۡ صَدَقَ اللّٰہُ رَسُوۡلَہُ الرُّءۡیَا بِالۡحَقِّ‘‘ –– ’’ . . . الرُّءۡیَا الَّتِیۡۤ اَرَیۡنٰکَ‘‘. (209)

’’’الرؤیا‘ کے معنی اُس چیز کے ہیں، جو نیند میں دیکھی جائے۔ ... ایک حدیث میں ہے کہ ’’نبوت میں سے بس رؤیا (خواب) باقی رہ گئے ہیں‘‘۔ قرآنِ مجید میں ہے کہ ’’اللہ نے اپنے رسول کو سچا خواب دکھایا تھا‘‘۔ ’’جو خواب ہم نے آپ کو دکھایا. . .۔‘‘

یہ چند لغات کے حوالے ہیں۔اِن کے علاوہ بھی عربی زبان کے ہر لغت میں لفظ ’رؤیا‘ کے لیے نیند میں دیکھنے یا خواب دیکھنے کا معنی درج ہے۔ لغات میں اِنھیں عربی مادہ ’رَأَى‘ کے تحت ملاحظہ کیا جا سکتا ہے۔