زینت کا مفہوم

زینت عربی زبان کا معروف لفظ ہے۔ ’زانہ‘ اور ’زینہ‘کے معنی کسی چیز کے حسن کو ظاہر کرنے، اُسے سجانے سنوارنے اور خوش نما صورت میں پیش کرنے کے ہیں۔ استاذِ گرامی نے اِس کے معنی کی وضاحت میں لکھا ہے:

’’زینت کا لفظ عربی زبان میں اُن چیزوں کے لیے آتا ہے، جن سے انسان اپنی حس جمالیات کی تسکین کے لیے کسی چیز کو سجاتا بناتا ہے۔ چنانچہ لباس، زیورات وغیرہ بدن کی زینت ہیں؛ پردے، صوفے، قالین، غالیچے، تماثیل، تصویریں اور دوسرا فرنیچر گھروں کی زینت ہے؛ باغات، عمارتیں اور اِس نوعیت کی دوسری چیزیں شہروں کی زینت ہیں؛ غنا اور موسیقی آواز کی زینت ہے؛ شاعری کلام کی زینت ہے۔‘‘(البیان 2/ 148)

یہاں یہ لفظ اپنے اِسی عام مفہوم میں استعمال ہوا ہے۔ آگے ’خَالِصَۃً یَّوۡمَ الۡقِیٰمَۃِ ‘ (اور قیامت کے دن تو اہل ایمان کے لیےخاص ہوں گی)کے الفاظ سے اِسی کی تصدیق ہوتی ہے۔