زینت کی اللہ سے نسبت

آیت میں’زِیۡنَۃَ اللّٰہِ‘ (اللہ کی زینت) کے الفاظ آئے ہیں۔ یعنی اللہ نے زینت کو اپنی نسبت سے بیان کیا ہے۔ اِس سے واضح ہے کہ کسی چیز کا دل کش ہونا، بہترین ساخت پر ظاہر ہونا اور اپنے وصف کی خوبی اور کمال کا مظہر ہونا اللہ کی قدرت اور مشیت پر منحصر ہے۔ انسانوں کے اندر اِس جمال و کمال کا شعور بھی پروردگار ہی کی عطا ہے۔ چنانچہ زینتوں کی مختلف پہلوؤں سے اُس ذاتِ پاک سے نسبت کا تقاضا ہے کہ اُنھیں اللہ کی نعمت کے طور پر قبول کرناچاہیے، باعثِ عزت و افتخار سمجھنا چاہیے اور اُن سے فیض یاب ہونے پر اللہ کا شکر ادا کرنا چاہیے۔