بعض جرائم ایسے ہو سکتے ہیں، جو اِن میں سے مختلف انواع کے تحت بہ یک وقت شمار ہو سکیں۔ یہ چیز درجہ بندی میں مانع نہیں ہے۔ ایسے مرکب جرائم اپنےنتائج و اثرات کے اعتبار سے زیادہ سنگین متصور ہوں گے۔ اِس کی سب سے نمایاں مثال شرک کا بدترین جرم ہے۔ یہ افترا علی اللہ ہے اور بہ یک وقت حق تلفی اورناحق زیادتی کے تحت آتا ہے۔ ظاہر ہے کہ یہ اِن دونوں پہلوؤں سے قابلِ مواخذہ ہو گا۔ مزید برآں ، ایسے جرائم ہو سکتے ہیں، جو فواحش، حق تلفی اور ناحق زیادتی، تینوں نوعیتوں کا مجموعہ ہوں۔ اِس کی مثال قحبہ گری اور زنا بالجبر ہے۔ اِس طرح کے جرائم میں متعلقہ انواع کی انفرادیت پوری طرح قابلِ فہم ہوتی ہے اور جرم کی سنگینی میں اضافے کا باعث ہوتی ہے۔