انسان بھیڑ بکری، اونٹ، گاے جیسے چارا کھانے والے جانوروں کا گوشت کھانا اور اُن کا دودھ پینا پسند کرتا ہے۔ اِس نوعیت کے جانوروں میں سے گھوڑے گدھے کو وہ سواری اور باربرداری کے لیے خاص سمجھتا ہے۔گوشت خور درندوں کو وہ دسترخوان کی زینت نہیں بناتا۔ چنانچہ شیر، چیتے، ریچھ، بھیڑیے وغیرہ کو کھانے کے لیے کبھی رغبت ظاہر نہیں کرتا۔ اب سوال یہ ہے کہ سؤر کے بارے میں کیا کیا جائے؟ وہ ایک پہلو سے بہائم ،یعنی گاے ، بھینس، بھیڑ، بکری وغیرہ جیسےجانوروں میں شمار ہوتا ہے۔ اُنھی کی طرح چارا کھاتا ہے اور گھروں اور کھیتوں کھلیانوں میں رکھا جاتا ہے، مگر دوسرے پہلو سے وہ درندوں میں بھی شامل ہوتا ہے۔ یعنی وہ اُن کی طرح کچلی بھی رکھتا ہے اور گوشت خور بھی ہے تو اُسے بہائم میں شمار کر کے کھایا جائے یا درندوں میں شمار کر کے نہ کھایا جائے؟ اللہ نے بتا دیا کہ اُسے بہائم میں نہیں، بلکہ درندوں کی قسم میں شامل کیا جائے اور کھانے کے لیے ممنوع سمجھا جائے۔