ایجابی احکام سے متعلق ممنوعات ایجابی احکام ہی کا جزو ہوتے ہیں، اُنھیں الگ سے محرمات میں شامل نہیں کیا جاتا۔مثلاً نشے یا جنابت یا حیض و نفاس کی حالت میں نماز پڑھنے کی ممانعتیں حرمتیں نہیں ہیں، نماز کی شرطیں ہیں۔ اِسی طرح سورج کے طلوع و غروب کے اوقات کو نماز پڑھنے کے ممنوع اوقات کہا جاتا ہے، منہیات میں شمار نہیں کیا جاتا۔ روزے میں کھانے پینے اور بیویوں کے پاس جانے سے اجتناب کو بھی حرام کے دائرے میں نہیں سمجھا جاتا، کیونکہ یہ اجتناب ہی تواصل میں روزہ ہے۔ مزید یہ کہ اگر کوئی شخص دین کے فرائض ـــ نماز،روزہ،زکوٰۃ ـــ کو ادا کرنے سے روگردانی کرتا ہے تو اُسے اُن کا منکِر یا تارک کہا جائے گا، حرام کار نہیں کہا جائے گا۔