4۔ معاشرے کی ترویج کے ذریعے سے

یعنی کوئی معاشرتی وحدت اپنے عرف و رواج سے بعض حقوق و فرائض کو متعین کر لیتی ہے۔ اِن کی حیثیت مشترک اور مسلم اقدار کی ہوتی ہے۔ معاشرے کا اجتماعی وجود اِن کی حفاظت کرتا اور اِن کی خلاف ورزی کو ناپسند کرتا ہے۔ تاہم ، اِن کی نوعیت یکساں اور مستقل حقوق و فرائض کی نہیں ہے۔ زمان و مکان کی تبدیلی ،تہذیب و تمدن کے ارتقا اور اقوام و ملل کے اختلاف سے اِن میں فرق و امتیاز اور تغیر و تبدل جاری رہتا ہے۔

اِس تفصیل سے حق کی حقیقت اور اُس کے استقرار کی نوعیت واضح ہو گئی ہے۔

اِس کے بعد اب ’’حق تلفی‘‘ کے بارے میں جان لیجیے۔ اِس سے مراد وہ عمل ہے، جس کے نتیجے میں حق دار حق سے محروم ہو جائے یا مستحق کا استحقاق مجروح ہو جائے۔ یہی وہ مفہوم ہے، جس کے لیے اعراف کی زیرِ بحث آیت میں ’الاِثْم‘ کا لفظ آیا ہے۔

’اثم‘ کےلغوی معنی اداے حقوق میں پیچھے رہ جانے کے ہیں۔ اِسی بنا پر یہ ’بر‘ کے مقابل استعمال ہوتاہے، جس کے اصل معنی حقوق پورا کرنے کے ہیں۔ چنانچہ قرآن و حدیث میں ’البر والاثم‘ کے الفاظ’’نیکی اور گناہ‘‘ کے باہم متضاد معنی میں معروف ہیں اور بھلائی اور برائی کے کاموں کے لیے عمومی تعبیرات اور جامع اصطلاحات کے طور پر ا ختیار کیے جاتے ہیں۔

قرآنِ مجید میں جب ’اثم‘ کا لفظ ’جنف‘، ’عدوان‘ یا ’فواحش‘ کے ساتھ عطف ہو کر آتا ہےتو اِس میں تجرید ہو جاتی ہے اور یہ محض ’ حق تلفی‘ کے معنی کے لیے خاص ہو جاتا ہے۔

امام امین احسن اصلاحی نے سورۂ بقرہ (2) کی آیت 182 کے تحت اِس لفظ کے اِنھی پہلوؤں کی وضاحت کی ہے۔ وہ لکھتے ہیں:

’’’اِثْمٌ‘ میں اصلاً ’تأخر‘ یعنی پیچھے رہ جانے کا مفہوم پایا جاتا ہے۔ چنانچہ ’آثمہ‘ اُس اونٹنی کو کہتے ہیں، جو تھک جانے کی وجہ سے پیچھے رہ جائے۔ پھر یہ لفظ اداے حقوق میں پیچھے رہ جانے کے لیے استعمال ہوا ہے، عام اِس سے کہ وہ خدا کے حقوق ہوں یا بندوں کے۔ اپنے اِس مفہوم کے لحاظ سے یہ ’’بِر‘‘ کا ضد ہے۔ ’’بِر‘‘ کا اصل مفہوم ایفاے حق ہے۔ یہ لفظ ’’عدوان‘‘ کے ساتھ بھی استعمال ہوتا ہے، اِس لیے کہ حقوق کے معاملہ میں گناہ دو قسم کے ہوتے ہیں: ایک کوتاہی اور حق تلفی کی نوعیت کے، دوسرے دست درازی اور تعدی کی نوعیت کے۔ پہلی قسم کے لیے’اثم‘ کا لفظ ہے۔ دوسری کے لیے ’عدوان‘ کا۔آیتِ زیر بحث میں یہ لفظ ’جنف‘ کے ساتھ استعمال ہوا ہے۔ ’جنف ‘ کے معنی ہم واضح کر چکے ہیں کہ جانب داری کے ہیں۔ اِس کے بالمقابل ’اثم‘ کا ٹھیک مفہوم حق تلفی ہو گا۔‘‘ (تدبر قرآن 1/ 441)

چنانچہ درجِ ذیل مقامات پر اِس لفظ کو گناہ کی جامع تعبیر کے بجاے مجرد حق تلفی کے مفہوم پر محمول کرنا ہی فحواے کلام کا تقاضا ہے:

فَمَنْ خَافَ مِنْ مُوصٍ جَنَفًا اَوْ اِثْمًا فَاَصْلَحَ بَيْنَهُمْ فَلَا اِثْمَ عَلَيْهِ.

(البقرہ 2: 182)

’’جس کو، البتہ کسی وصیت کرنے والے کی طرف سے جانب داری یا حق تلفی کا اندیشہ ہو اور وہ اُن کے درمیان صلح کرادے تو اُس پر کوئی گناہ نہیں ہے۔‘‘

وَ تَعَاوَنُوۡا عَلَی الۡبِرِّ وَ التَّقۡوٰی وَ لَا تَعَاوَنُوۡا عَلَی الۡاِثۡمِ وَ الۡعُدۡوَانِ.

(المائدہ 5: 2)

’’اور نیکی اور تقویٰ کے کاموں میں تعاون کرو، مگر حق تلفی اور زیادتی میں تعاون نہ کرو۔“

وَالَّذِينَ يَجْتَنِبُونَ كَبٰۤئِرَ الْاِثْمِ وَالْفَوَاحِشَ وَاِذَا مَا غَضِبُوا ہُمۡ یَغۡفِرُوۡنَ. (الشوریٰ 42: 37)

’’اور وہ کہ جو بڑے گناہوں اور کھلی ہوئی بے حیائیوں سے بچتے ہیں اور جب کبھی غصہ آجائے تو ایسے لوگ ہیں کہ درگذر کر جاتے ہیں۔‘‘

-